لاہور(اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عمران قریشی کے مطابق دریائے ستلج سمیت پنجاب کے تمام دریا اب معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ منگل کو جاری رپورٹ میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر بھی پانی کا بہائو نارمل ہو گیا، ہیڈ اسلام میں پانی کی آمد 48682 اور اخراج 46452 کیوسک ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو کھانا، صاف پانی، ادویات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے تدارک کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ میڈیکل کیمپس میں بھی شہریوں کو 24 گھنٹے طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک ریلیف کے اقدامات جاری رہیں گے۔