لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات اور انکوائری کا ریکارڈ لینے کے لیے دائر درخواست پر فریقین سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ درخواست میں وفاق، نیب، ایف آئی اے اور پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب، ایف آئی اے، پنجاب پولیس سمیت دیگر اداروں نے بے بنیاد اور خلاف قانون مقدمات درج کر رکھے ہیں۔ شوہر کے بعد اب مجھے بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جون 2022ء سے پہلے کوئی مقدمہ یا انکوائری زیر التوا نہیں تھی۔ استدعا ہے کہ جون 2022ء سے لے کر اب تک درج خفیہ مقدمات، انکوائریزاور انوسٹی گیشن کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے تک کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔