منڈی بہائوالدین (نامہ نگار) شہیدانوالی نہر لوئر جہلم کینال میں نامعلوم لڑکے اور لڑکی نے پل سے نہر میں ایک ساتھ چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ ریسکیو 1122 اور پولیس تھانہ صدر نے موقع پر پہنچ کر آپریشن کا آغاز کر دیا۔ نامعلوم لڑکی کی لاش کو نہر سے نکال کر ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جس کی عمر تقریباً 30 سال بیان کی جاتی ہے لیکن ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ جبکہ ڈوبنے والے لڑکے کی لاش کی تلاش کیلئے ریسکیو کے غوطہ خور آپریشن میں مصروف ہیں۔ پولیس تھانہ صدر نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ دوشیزہ سمیت 3 نوجوانوں نے خود کشی کر لی۔ نوجوان نے مبینہ طور پر سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نواں لاہور کے نواحی گائوں چک نمبر 280ج ب میں 26سالہ نوجوان ناصر ولد نذیر احمد نے گھر کے کمرہ میں پسٹل سے اپنے سر میں گولی مار لی، جس کو ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ علاوہ ازیں وزیر آباد گکھڑ کے علاقہ فتح گڑھ کی دو رہائشی بہنوں کی آپس میں تو تکرار پر چھوٹی بہن سولہ سالہ مناہل شہزادی نے طیش میں آکر گھر میں رکھے پستول سے خود کو گولی مار لی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گئی اور جان کی بازی ہار گئی۔ دریں اثناء وزیر آباد کے موضع دھونکل کے رہائشی نوجوان سلمان نے بیماری سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ ہسپتال میں چل بسا۔ 23 سالہ سلمان عرصہ چھ ماہ قبل سعودیہ سے وطن واپس آیا۔ علاج کروا کر عاجز آ چکا تھا۔ جسے تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہسپتال وزیر آباد منتقل کیا گیا جہاں سے اسے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکا۔
منڈی بہاؤالدین: لڑکے اور لڑکی نے نہر میں چھلانک لگا کر خودکشی کر لی
Sep 06, 2023