کسی بھی فرد یا گروہ کی تشدد پسندانہ سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا: سرفراز بگٹی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی فرد یا گروہ کی جانب سے تشدد پسندانہ سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے دیئے گئے اہداف  پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انسداد منشیات  ڈویژن منیر اعظم، سپیشل سیکرٹری داخلہ ندیم محبوب، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک نے شرکت کی ڈی جی ایف آئی اے  محسن حسن بٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا طاہر رائے اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت  کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں سرفراز احمد بگٹی  نے کہا ہے کہ خواتین کی جان، مال یا عزت پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے راولپنڈی پولیس کا انتہائی کم وقت میں ڈاکوؤں کو پکڑنا قابل ستائش ہے۔ حالیہ کامیابی عوام کی حفاظت کے لئے  پولیس کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈاکوؤں کو پکڑنے پر راولپنڈی پولیس کے متعلقہ  افسران اور اہلکاروں کیلئے تعریفی اسناد دینے کے موقع پر کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ واردات اور تشدد کا واقعہ  انتہائی دلخراش تھا اس سے یہ پیغام  جاتا ہے کہ ریاست مجرمانہ رویہ کو ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن