ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدا پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اسی حوالے سے کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی ہے۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے ائیرآفیسرکمانڈنگ ائیروائس مارشل غضنفر لطیف ہیں۔ مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے اس موقع پر مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے ائیرآفیسرکمانڈنگ ائیروائس مارشل غضنفر لطیف آج مسلح افواج کی مشترکہ فتح کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، ہم دشمن کے سامنے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری افواج نے ملکی سرحدوں کی حفاظت دل و جان سے کی، دفاع وطن کیلئے دی جانیوالی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آئیں سب ملکر عہد کریں کہ ملک کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ائیروائس مارشل غضنفر لطیف نے کہاکہ مسلح افواج کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، آج کا تاریخی دن ہمارے غازیوں اور شہیدوں کے نام ہے، وطن سے محبت اور آزادی کی قدر ہمیں ورثے میں ملی ہے، پاک افواج کی ہر فتح کے پیچھے قوم کی دعائیں ساتھ ہوئی ہیں، آج ہم آپکے جذبوں اور کاوشوں کی بدولت یہاں تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس دور میں ہمیں بے پناہ مسائل کا سامنا ہے، ہم بحیثیت ایک قوم ہر مشکل سے نکل آئیں گے، پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے دنیا کی کوئی طاقت اسے فنا نہیں کرسکتی، ہم اسی طرح گارڈز تبدیلی کی روایت کو قائم و دائم رکھیں گے۔ گارڈ ز تبدیلی کی تقریب میں 7 خواتین سمیت 57 کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں جبکہ تقریب کے دوران مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ دوسری جانب صدر پاکستان، نگران وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیف اور افواجِ پاکستان نے یومِ دفاع پر شہدا اور ان کے لواحقین کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے ، یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے ،اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔ مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا ء اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء منایا جاتا ہے۔ 58سال قبل آج ہی کے دن ہماری مسلح افواج اورپوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی جرأت اور بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا تھا۔