ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے مابین تلخ کلامی ہوگئی۔ اجلاس پندرہ منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا۔ صلح کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اپوزیشن اراکین کی جانب سے پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں جلسے جلوس روکنے کے بل پر اپوزیشن کی جذباتی تقاریر، بل کی مخالفت کردی۔ چیئرمین سینٹ نے شق وار منظوری لی اور بل متفقہ طور پر منظور ہوگیا۔ بھنگ کی کاشت کا بل قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ ایوان بالا کا اجلاس پینل آف چیئر سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی زیرصدارت شروع ہوا۔ قائمہ کمیٹی اجلاس کے دوران سینیٹر شہادت اعوان اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے مابین تلخ کلامی پر ایوان کا ماحول گرام ہوا تو اراکین کے مابین تنازعہ کے حل کیلئے ایک کمیٹی بنا کر اجلاس پندرہ منٹ کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ وقفے کے بعد چیئرمین سینٹ سید یوسف رضاگیلانی کی زیرصدارت اجلاس شروع ہوا تو چیئرمین سینٹ، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مداخلت پر دونوں ارکان کے مابین صلح کروا دی گئی۔ بعد ازاں اجلاس جمعہ دن دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔