حق خودارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کرینگے، بھارتی وزیر خارجہ کا بیان یکطرفہ: دفتر خارجہ

Sep 06, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں شرکت  متوقع ہے، پاکستان ہر سال کی طرح اس سال بھی بھارت کے غیرقانونی  زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم سمیت دیگر معاملات کو اجاگر کرے گا۔ جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے بیان پررد عمل میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط اور کثیر جہتی تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان زبردست خیر سگالی موجود ہے اور توسیع شدہ تعاون خطے میں علاقائی امن اور دوستی میں مزید معاون ثابت ہو گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کثیر الجہتی تعاون کے ساتھ ہمہ موسمی سٹریٹجک پارٹنر ہیں، پاکستان چین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ بھارتی وزیر برائے امور خارجہ کے جموں و کشمیر کے بارے میں حالیہ بیان کے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ کسی بھی ایسے بیانیہ کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے جس میں یہ تجویز کیا گیا ہو کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ یکطرفہ طور پر طے ہوا ہے یا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جوہری تحفظ کے کنونشن کے دسویں جائزہ اجلاس کیلئے صدر منتخب ہو گیا۔ فیضان منصور کو متفقہ طور پر دسویں جائزہ اجلاس کیلئے صدر منتخب کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں