خیبر پی کے: گرڈ سٹیشنز پر حملے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، ایف سی طلب 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے  میں گرڈ سٹیشنوں پر حملوں کے واقعات پر پاور ڈویژن نے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔ پاور ڈویژن  نے کہا  کہ وہ گرڈ سٹیشنز پر حملوں اور قبضہ کا معاملہ وزرات داخلہ کے ساتھ اٹھائے گی۔ حملہ کرنے والوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کی جائیں گی اور ملوث افراد کو پرنٹ میڈیا پر بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ پاور ڈویژن نے پیسکو کے چیئرمین بورڈ کو  مراسلے میں مزید کہا ہے کہ گرڈ سٹیشنز پر حملے کرنے والوں کے خلاف بلا خوف ایف آئی آر کٹوائی جائے، اگر مقامی پولیس کارروائی سے کتراتی ہے تو پیسکو عملہ سیشن جج کے پاس جائے۔ اگر پولیس اور سیشن جج ایف آئی آر کے معاملے حل نہ کریں تو پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے۔ پشاور ہائی کورٹ سے تجربہ کار قانونی مشیر کے ذریعے حل طلب کیا جائے۔ پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پشاور کے ایم پی اے اور درگئی کے تحصیل ناظم کے واقعہ پر بھی کارروائی ہو گی۔ پیسکو کے گرڈز اور دیگر تنصیبات کی حفاظت کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی خدمات لی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن