سری نگر (کے پی آئی) بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں ایک کشمیری نوجوان کوگرفتار کر لیا۔ ارسلان احمد شیخ نامی نوجوان کو ضلع کے علاقے کرایم آباد میںایک چیک پوسٹ پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے اسے عسکریت پسندوں کا ساتھی قرار دیا ہے۔جبکہ ضلع راجوری میں جمعرات کوایک سڑک حادثے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ضلع کے علاقے گمبھیر مغلاں میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر دریا میں جاگری جسکے نتیجے میں اٹھارہ سالہ طاہر احمد جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما وجموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیرپرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے یوم دفاع پاکستان پر1965کی جنگ کے دوران مادروطن کادفاع کے لئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے کے عظیم ہیروز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ 6ستمبر کو پاکستان کی قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت ہے۔ پاکستان ہی کشمیریوں کی امیدوں کا واحد مرکز ہے اور اسی امید کے سہارے کشمیریوں کی اس وقت بھی تمام تر نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابلِ فخر دن ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا اور مملکت خداداد پاکستان کا قدرتی اور ناقابل تنسیخ حصہ بنے گا۔