خیبر پی کے میں گرینڈ جرگہ، افغانستان سے مذاکرات خود کریں گے: وزیراعلیٰ

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں گرینڈ قبائلی جرگہ ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے این ایف سی شیئر کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ وفاقی حکومت کو پیغام دیتا ہوں کہ وعدہ پورا کیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف  آپریشن کیلئے عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔ عوام کے اعتماد کے بغیر کوئی جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔ جرگے کے شرکاء کا متفقہ اور اہم مطالبہ امن و امان کا کہا ہے۔ ہمارے علاقے کا امن افغانستان میں امن کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ افغانستان سے بات چیت کی اجازت مانگی ہے ابھی تک نہیں ملی۔ بحیثیت صوبہ ہمیں افغانستان سے بات چیت کی اجازت دی جائے۔ بحیثیت وزیراعلیٰ میں خود قبائلی عمائدین کے ساتھ افغانستان سے مذاکرات کروں گا۔ غیر سرکاری مسلح افراد کا سلسلہ ختم کیا جا رہا ہے۔ قانون کی عملداری اور امن و امان پولیس اور فوج کا کام ہے۔

ای پیپر دی نیشن