لندن (نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں برطانیہ کا دورہ کریں گے، میرے دورے کا مقصد پاک برطانیہ باہمی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں نومنتخب 15 پاکستانی دونوں ممالک کے سفیر ہیں۔ اس موقع پر پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان کا دورہ انتہائی دلچسپ اور شاندار تھا، پاکستان نئی دولت مشترکہ کے بانی ارکان میں سے ہے، پاکستان دولت مشترکہ کا انتہائی اہم ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ملی خوبصورت پینٹنگ مالبرا ہاؤس کا حصہ رہے گی، لوگ جب اس پینٹنگ کو دیکھیں گے تو انہیں پاکستان کی خوبصورتی کا احساس ہو گا۔ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ سال 1999ء سے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش تھی، جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ کروں گی۔ اس سے قبل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے پاکستانی لباس زیب تن کر کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ سے ملاقات، وزیراعظم چند ہفتوں میں برطانیہ کا دورہ کرینگے: اسحاق ڈار
Sep 06, 2024