قومی اسمبلی: 29 شہروں کا پانی پینے کے قابل نہیں، موٹر وے پر اشیاء مہنگی بیچنے پر کارروائی ہو گی: وفاقی وزرا

Sep 06, 2024

اسلام آباد( وقائع نگار) قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے ممبران اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان بیت المال کا ایم ڈی لگایا جائے۔ ہسپتالوں کے اندر لوگ مر رہے ہیں۔ امراض قلب، جگر، کینسر سمیت سینکڑوں مریضوں کے چیک بیت المال میں رکے ہوئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں  چیئر پرسن شہلا رضا نے بھی حکومت سے کہا ہے کہ ترجیح بنیادوں  پر  ایم ڈی بیت المال کو تعینات کیا جائے۔ وزیراعظم کو اس معاملے پر نوٹس لینا چاہیے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے ممبر اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ غریب لوگ ہسپتالوں کے اندر مر رہے ہیں۔ علاج معالجے کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ سات ماہ سے پاکستان بیت المال کا ایم ڈی تعینات نہیں ہوا ہے۔ ن لیگ کے ملک ابرار احمد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد کے بیان کی حمایت کی۔ مہنگائی بیروزگاری اور بجلی کے اضافی بلو نے لوگوں کا سانس لینا مشکل بنا دیا ہے۔ لوگوں کے پاس علاج معالجے کے لیے پیسے نہیں ہیں، فوری طور پر ایم ڈی بیت المال کو تعینات کیا جائے۔ وفاقی وزیر تجارت  جام کمال نے کہا توقع ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ بحال ہو جائیگا۔ وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر جام کمال نے کہاکہ سی ایس جی پروموشن بورڈ کا اجلاس ابھی تک نہیں ہوسکا ۔ جیسے ہی ہو گا پمزمیں ایگزیکٹوڈائریکٹر تعینات ہو جائیگا۔ کوئی بھی ایسا ادارہ نہیں ہے جہاں بے قاعدگی نہ ہو۔ ہیلتھ کارڈ ز کو بھی پمزمیں اس لئے بند کردیا گیا تھا کیونکہ کچھ بے قاعدگیاں دیکھنے میں آئی تھیں ۔ سٹیٹ لائف کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ جیسے ہی معاملات بہتر ہوتے ہیں ہیلتھ کارڈ بھی بحال کردیا جائیگا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ، ملک شاکر بشیر اعوان، آسیہ نازتنولی کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر انجینئرجام کمال نے کہاکہ گزشتہ سال پمزکا بجٹ شروع کے ہی کچھ عرصہ میں ختم ہو گیا تھا۔ جن لوگوں نے رقوم جمع کرائی تھیں انہیں واپس کر دی جائیں گی۔ جام کمال نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے جیسے ہی پالیسی تیار ہو گی ایوان کو اس سے آگاہ کیاجائیگا۔ وفاقی وزیرجام کمال نے کہا کہ ٹیکسوں میں اضافہ کی وجہ سے ادویات کی قیمتوں میں اثرات مرتب ہوئے۔ پی ڈی ایم کی سابق حکومت نے کینسرکی ادویات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے جو قابل تحسین ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ کینسر کی دوائی واقعی بہت مہنگی ہے۔ حکومتی پرائسنگ بورڈ ان تمام امور پرکام کرے گا۔ کراچی کی ایک کمپنی جلد کینسر کی دوائی کی تیاری شروع کردے گی۔  قومی اسمبلی کے اجلاس میں  وزارت آبی وسائل نے انکشاف کیا کہ ملک کے29 شہروں کا زیر زمین61 فی صد پانی مضر صحت ہے۔ وزارت کے مطابق پاکستان میں پینے کے پانی کے50 فی صد سے زائد ذرائع مائیکروبیل یا کیمیائی آلودگی کی وجہ سے غیر محفوظ پائے گئے ہیں۔61 فی صد  پانی کے ذرائع پینے کے لیے غیر محفوظ ہیں،  بہاولپور 76 فیصد، فیصل آباد 59 فیصد، ملتان94 فیصد، سرگودھا 83 فیصد، شیخوپورہ 60 فیصد، ایبٹ آباد، خضدار میں55 فیصد، کوئٹہ 59 فیصد پانی غیر محفوظ ہے۔کراچی کا زیر زمین پانی93فیصد، سکھر میں67 فیصد پانی پینے کے لیے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرمذہبی امور چوہدری سالک حسین نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ حاملہ خواتین اور مریضوں کے حج پر جانے پر پابندی کافیصلہ سعودی حکومت کا ہے، ا س معاملے پر ہم ان پر زور نہیں ڈال سکتے۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہائوسز کی تعمیر کے لئے سعودی حکومت سے بات ہو چکی ہے ، توقع ہے ان کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی۔ وزیرمذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس مرتبہ حج کی رقم ایک لاکھ کم وصول کی گئی۔ اب بھی حساب لگایا جا رہا ہے کہ ممکن ہے کہ حاجیوں کو مزید رقم واپس کی جائے۔  اس مرتبہ حج ٹکٹ گزشتہ سال کے مقابلہ میں 100 ڈالر کم تھا۔  گزشتہ سال حج کے موقع پر اموات بھی اسی وجہ سے ہوئیں کیونکہ کینسر اور دیگر امراض میں مبتلا لوگ حج پر گئے تھے۔شگفتہ جمالی کے ضمنی سوال کے جواب میں چوہدری سالک نے کہا کہ 50 فیصد معاونین کا انتخاب سعودی عرب سے مقامی طورپر انتظام کرنے پر غورکیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ ان کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی۔وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ موٹرویز اورہائی ویز کے سروس ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہونے کا نوٹس لیاجائے گا۔ عبدالعلیم خان نے ایوان کوبتایاکہ حقیقت ہے کہ ان ایریاز میں قیمتیں زیادہ ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ سروس ایریاز میں قیمتیں اور ان اشیا کا معیار معمول کے مطابق ہوں معاملہ پرمزیداقدامات کئے جائیں گے۔ ایریاز میں دکانوں پرایکسپائر چیزوں کی فروخت کوروکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ان ایریازمیں معیارکے مطابق اشیا نہ ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ جی ٹی روڈ کی حالت زارمیں بہتری پربھی توجہ دی جارہی ہیَ

مزیدخبریں