اپوزیشن ملک کی بقا کی جدوجہد کر رہی ‘ بانی پی ٹی آئی  کا فوجی ٹرائل نہیں ہو گا:   عمر ایوب 

Sep 06, 2024

سرگودھا( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا فوجی ٹرائل نہیں ہوگا۔سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جن رہنماں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفی واپس لے لیں، بلوچستان آگ میں جل رہا ہے کسی کو فکر نہیں، بجلی سستی کرنے کا اعلان کر کے اگلے دن ہی بجلی مہنگی کر دی گئی، فارم 47 کی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی شمولیت کے کوئی ثبوت نہیں، اگر 9 مئی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، اپوزیشن جماعت ملک اور جمہوریت کی بقا کی جدوجہد کر رہی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ چینی اور گندم سکینڈل میں محسن نقوی براہ راست ملوث ہیں، گندم سکینڈل کی انکوائری ایف آئی اے کر رہی ہے جو وزیرِ داخلہ کے ماتحت ہے، محسن نقوی کی موجودگی میں کرپشن سکینڈل کی انکوائری ٹھپ کر دی گئی۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا اس وقت کوئی مستقبل نہیں، موجودہ حکومت کو کون لے کر آیا میں نام بتا دوں گا لیکن آپ چلا نہیں سکیں گے۔

مزیدخبریں