وفاقی ٹیکس محتسب کا فنکاروں، پر فارمرز کو اعزازیہ پر کٹوتیوں میں 40 فیصد تک ریلیف 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب آرٹس کونسل کے فن کاروں اور پرفارمرز کو ملنے والے اعزازیہ پر دس، بیس اور چالیس فیصد ٹیکس کٹوتیوں پر جن پر مختلف اکیڈمیوں کے طلبہ بھی شامل تھے،  وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ  نے ان کٹوتیوں کے حوالے سے ان کی شکایات سنیں جن میں زیادہ تر شکایت کنندگان کو ملنے والے اعزازیہ میں ٹیکس کٹوتی سے متاثر تھے ۔ ایک شکایت کنندہ کے تین ہزار روپے کے چیک پر بیس فیصد کے حساب سے چھ سو روپے کی کٹوتی کی گئی۔ لہٰذا ایف ٹی او کی تحریک پر ان پرفارمرز اور فنکاروں اور عارضی طور پر کام کرنے والوں نے ان کٹوتیوں کے خلاف درخواستیں دائر کیں جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ ان کی محدود سی آمدنی یا کسی فنکشن میں شرکت کی فیس پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی شق 156کے علاوہ دیگر شقوں کے تحت چالیس فیصد تک ٹیکس کاٹا جا رہا ہے جبکہ اس امتیازی سلوک نے انہیں مالی مسائل سے دو چار کر دیا ہے۔ ان شکایات پر ایف ٹی او آرڈیننس 2000ء کی شق 10(4) اور وفاقی محتسب ادارہ جاتی اصلاحات ایکٹ 2013ء  کی شق 9 (1) کے لحاظ سے سیکرٹری ریونیو ڈویژن سے رائے طلب کی آر ٹی او لاہور نے اپنے خط 18اپریل 2024ء  میں یہ دعویٰ کیا کہ یہ افراد پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ لہٰذا ان کو ملنے والی رقم انعام کے زمرے میں آتی ہے جو کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی شق 156کے تحت قابل ٹیکس ہے۔ پنجاب آرٹس کونسل اسی شق کے تحت ٹیکس کاٹنے کی پابند ہے۔ جبکہ وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنی سفارشات میں لکھا کہ شکایت کنندگان جن میں آرٹس کے طلب علم اور پرفارمرز شامل ہیں، جن پر 20 فیصد (فائلرز) 40فیصد (نان فائلرز) کی شرح سے بھاری ٹیکس وصول کیا گیا۔ شق 156تقریبات کا احاطہ نہیں کرتی اور نہ ہی اس کا اطلاق پرفارمرز کے معاوضوں پر ہوتا ہے۔ کم ترین آمدن کے پیش نظر شکایت کنندگان ریٹرنز داخل کرنے کے پابند نہیں۔ ان پر اس شق کا اطلاق بد انتظامی کے دائرے میں آتا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے سفارش کی کہ ایف بی آر پنجاب آرٹس کونسل کو ٹیکس کٹوتی روکنے کی ہدایت کرے۔ اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس ایک مالی سال میں مجموعی طور پر 30ہزار روپے سے کم کے چیکوں پر ایڈوانس ٹیکس نہ کاٹیں۔ ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر نظر ثانی کے لیے صدر مملکت کو 141درخواستیں ارسال کیں۔ صدر پاکستان نے 23اگست 2024ء  کو ایف ٹی او کی سفارشات پر فی الفور عمل کرنے کی ہدایت کے ساتھ ایف بی آر کی تمام درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا جبکہ کمشنر ودہولڈنگ زون لاہور نے ایف ٹی او کے فیصلے پر عمل درآمد کرے۔ دس فیصد، بیس فیصد اور چالیس فیصد ٹیکس کٹوتیوں کو روکنے کے لیے 29اگست کو پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے نام خصوصی مراسلہ بھی جاری کر دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن