اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ پی سی آئی سی ایل کی قیادت سے ملاقات کے موقع پر پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پاکستان میں قائم چینی فرموں کے مشترکہ منصوبوں اور برآمدات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے شرکاء میں پی سی آئی سی ایل کے چیئرمین سن بو، منیجنگ ڈائریکٹر حسن رضا، فنانس ڈویژن اور پی سی آئی سی ایل کے سینئر حکام شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پی سی آئی سی ایل پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔ سی پیک فیز 2 میں صنعتی ترقی، نمو اور کاروبار کی منتقلی ترجیحی شعبے ہوں گے۔ ایسے حالات میں پی سی آئی سی ایل کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ٹارگٹ مارکیٹ کے ایک واضح نظریے کے ساتھ خود کو تبدیل کرے اور جوائنٹ وینچرز اور ایس ایم ایز کے لیے شعبوں کی نشاندہی کرنے میں رہنما کا کردار ادا کرے جبکہ سرمایہ کاری اور تجارتی بہائو کو بڑھانے کے لیے فنانسنگ میں ایڈوائزری اور مدد فراہم کرے۔ سن بو اور حسن رضا نے وفاقی وزیر کو پاکستان چین تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے پی سی آئی سی ایل کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔ پی سی آئی سی ایل کے چیئرمین سن بو نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے میں پی سی آئی سی ایل کے کردار کے بارے میں ان کے تاثرات اور خدشات کو سراہا۔