اسلام آباد؍راولپنڈی؍ پشاور (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی کی عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے بریت درخواست پر دلائل طلب کرلئے۔ گزشتہ روز تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔ دریں اثناء ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قدرت اللہ نے وزیر اعلی خیبر پختون خواہ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف نظر ثانی درخواست میں وکیل کو وارنٹ منسوخی کیلئے ٹرائل کورٹ میں درخواست دینے جبکہ ٹرائل کورٹ کو بریت درخواست پر جلد فیصلہ کی ہدایت جاری کردی ہے۔ علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدالتی احکامات پر گرفتاری سے بچنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی درخواست پر سماعت کی۔
گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت منظور
Sep 06, 2024