6 ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل، بہادر سپوتوں کو سلام: صدر،  وزیراعظم 

Sep 06, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) صدر آصف علی زرداری  نے یومِ دفاع پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم ِدفاع و شہداء کے موقع پر ہم بیرونی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کرنے والے اور عظیم قربانیاں پیش کرنے والے غازیوں اور شہداء کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔ میں اس سرزمین کے ان بہادر سپوتوں کو خراج ِعقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا دشمن کا خواب چکنا چور کر دیا۔ مسلح افواج قومی خود مختاری اور ملکی سالمیت کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے چوکس اور ہمہ وقت تیار ہیں۔ بھارت کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی تاریخ میں 6 ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمار ی افواج کا حوصلہ اور فرض سے لگن ہی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے،’’عزم استحکام‘‘ کے تحت نظر ثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کا مقصد ہر طرح کی دہشت گردی بشمول ڈیجیٹل دہشت گردی کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے، حکومت تصادم کے بجائے مکالمے اور ٹکرائو کی بجائے تعاون اور شراکت داری پر یقین رکھتی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے میں قیام امن اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ہر پلیٹ فارم پر اپنی آواز فلسطین کے لئے بلند کرتے رہیں گے، عالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور غزہ میں بے گناہ مسلمانوں کی نسل کشی بند کرائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں شہداء اور غازیوں کے خاندانوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل و عیال کو جرات اور ہمت عطا فرمائے۔  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن قوم کو ایک بار پھر اس جذبہ استقامت اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں یکجا کرتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کا انحصار نہ صرف اس کی افواج کی طاقت پر ہے بلکہ اس کے عوام کی یکجہتی پر بھی ہے۔

مزیدخبریں