لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیف نیوز ایڈیٹر اور کالم نگار روزنامہ نوائے وقت محمد دلاور چودھری کے گھر پر نامعلوم افراد نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات شدید ٹارگٹڈ فائرنگ کر دی۔ جس سے مین گیٹ ایک کمرے کی کھڑکی اور اندرونی حصے کو نقصان پہنچا ،ملزم فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔ وقوعہ کی ایف آئی آر تھانہ سول لائنز میں درج کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ ادارہ نوائے وقت، سیاسی و دینی جماعتوں، سینئر صحافیوں دیگر تنظیموں، صدر پریس کلب ارشد انصاری اور دیگر عہدیداروں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اس گھر میں فی الحال کرایہ دار مقیم ہیں۔ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں، امیر جمعیت اہلحدیث ساجد میر، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر، پی ٹی آئی این کے سربراہ اختر ڈار، لیبر لیڈر خورشید احمد اور دیگر مذمت کرنے والوں میں شامل ہیں۔
چیف نیوز ایڈیٹر نوائے وقت دلاور چودھری کے گھر پر فائرنگ
Sep 06, 2024