اسلام آباد ؍ لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء پاکستان آج 6ستمبر جمعہ کو ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد کے لئے دعائیں مانگی جائیں گی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہو گی۔ جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات نے 6 ستمبر یوم دفاع کی عام تعطیل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے چھٹی کی تردید کردی۔ دریں اثناء یوم دفاع 6 ستمبر پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سروسز چیفس اور افواج کے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم 1965ء کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخر کے ساتھ یاد کر رہے ہیں جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیر متزلزل جذبے کی مثال ہے یہ دن وطن کا دفاع کرنے والے جوانوں کی قربانی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہے 59 سال قبل پاک افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا پاک فوج نے تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ کیلئے لکھی جائے گی۔
یوم دفاع آج، تاریخی فتح ہمیشہ یاد رکھی جائے گی: عسکری قیادت
Sep 06, 2024