ملک کے پہلے اور سب سے بڑے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح، نوازشریف کے وژن سے مہنگائی کم ہو ئی: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان کے گورنمنٹ پرائمری سکول ایم سی ون میں پنجاب میں ملک کے پہلے اور سب سے بڑے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کردیا۔ مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان گورنمنٹ پرائمری سکول کی ہر کلاس میں جا کر بچوں کو دودھ کے پیک دئیے۔ نشستوں پر جاکر دودھ کے ڈبے پیش کئے۔ وزیراعلیٰ  نے بچوں کو دودھ کے پیکٹ خود کھول کر دیئے اور نگرانی میں ختم کرائے۔ وزیر اعلیٰ  نے طلبہ سے ان کے نام پوچھے اور تعریف کی۔ وزیراعلی طلبہ کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں، جس پر طلبہ نے مسرت کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے بچوں سے ان کی صحت اور تعلیم کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے دریافت کرنے پر اداس بیٹھے طالب علم نے والد کی بے روزگاری کے بارے میں بتایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھے طالب علم کے والد کو روزگار کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کو صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ میں بتایا کہ ’’چیف منسٹر سکول نیوٹریشن پروگرام‘‘ کے پائلٹ پراجیکٹ کا جنوبی پنجاب کے تین اضلاع سے آغاز کیا گیا ہے۔ مریم نوازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب  میں  کہا کہ بہت پیارے بچو، آپ سے ملکر بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔ ایک بچی خدیجہ نے مجھے ابھی کہا کہ آپ اتنی دور سے صرف ہم سے ملنے آئی ہیں۔ ڈیرہ غازی خان لاہور سے جتنا بھی دور ہو میں آپ سے دور نہیں۔ بچو! میں لاہور میں بیٹھ کر بھی آپ کے بارے میں سوچتی ہوں کہ میری قوم کا مستقبل خوب پڑھے اور اچھی صحت ہو، طاقتور ہوں۔ قوم کے بچوں کی اچھی گرومنگ ہو اور اچھی طرح تعلیم حاصل کریں۔ اس تقریب کے مہمان اور وی آئی پیز یہ بچے ہیں، ان بچوں سے اتنا پیار ملا کہ بتا نہیں سکتی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بالکل ٹھیک کہا کہ میں ان بچوں کے لئے ایسے ہی سوچتی ہوں جیسے ایک ماں اپنے بچوں کے لئے سوچتی ہے۔ نیوٹریشن پروگرا م کا خیال ایک سکو ل کے دورے کے دوران آیا جب مجھے آگاہ کیا گیا کہ کئی بچے اپنے گھروں سے بغیر ناشتے کے آتے ہیں اور اکثر بے ہوش ہوجاتے ہیں۔ پنجاب میں تقریباً 49ہزار سکول ہیں، بڑی خواہش ہے کہ سب سکولوں میں پراپر میل پروگرام شروع کریں، وسائل کی کمی ہے لیکن کوشش ہے۔ انشاء  اللہ اچھا وقت آئے گا، اچھا وقت آ رہا ہے، پوری کوشش ہے کہ جتنی سہولتیں دے پائیں دیں گے۔ میری موٹی ویشن ان بچوں کا چہرہ ہے، میں چاہتی ہوں کہ سکول کا انفراسٹرکچر، معیار تعلیم پرائیویٹ سکولوں سے بھی بڑھ کر ہو اور بچوں کی صحت بہترین ہو۔ پنجاب میں کریکولم اپ ڈیٹ کررہے ہیں، آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے، سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت نرسری سے پانچویں تک بچوں کو دودھ کا پیکٹ ملے گا، جس میں تمام ضروری غذائی اجزاء شامل ہیں۔ سکول نیوٹریشن پروگرام مہنگا ضرور ہے لیکن میری قوم کے بچوں سے قیمتی کچھ بھی نہیں۔ بہت سے لوگ دعویٰ کرتے ہیں لیکن عملی طورپر کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ بچو! آپ وطن کا مستقبل ہو، میں چاہتی ہوں کہ عملی طور پر کچھ ایسا کر جائوں کہ آپ کو لگے کہ آپ کی سی ایم آپ کی ماں جیسی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر اور ان کی ٹیم بہت محنت سے کام کررہی ہے، 90 روپے کے دودھ کے پیکٹ کو 63روپے میں حاصل کیا ہے۔ قوم کے بچوں کا پیسہ ہے ایک روپے کی بھی خیانت ہوئی تو اللہ معاف نہیں کرے گا، نہ اس دنیا میں اور نہ ہی اگلے جہان میں۔ پروگرام کی سپرٹ خراب نہیں ہونی چاہیے، خورد برد یا کرپشن نہیں ہونی چاہیے، بتدریج اضافہ کیا جائے۔ سکول نیوٹریشن پروگرام بچوں پر احسان نہیں ہے ان کا حق ہے۔ تمام صوبوں کے وزرائے اعلی کو پنجاب کی طرح سکول نیوٹریشن پروگرام شروع کرنا چاہیے۔ صوبوں کی تفریق سے ہٹ کر سوچنا ہوگا، بچے پاکستان کا فیوچر ہیں اور یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ خوب پڑھنے کے لئے بہت اچھی صحت چاہیے ہوتی ہے، نیوٹریشن پروگرام اسی مقصد کے لئے لانچ کیا ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے سر توڑ کوشش کر کے قیمتوں پر کنٹرول کیا اور مہنگائی کو کم کیا۔ نوازشریف کے ویژن کے مطابق مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے، قیمتیں کم ہورہی ہیں۔ ماضی میں مہنگائی نوازشریف کے دور میں کم ہوئی، آج بھی نوازشریف کے دور میں آئے دن کم ہورہی ہے۔ مہنگائی 7سال کے بعد سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے، انشاء  ا للہ مزید کم ہوگی۔ اچھی طرح ادراک ہے کہ غریب کے گھر میں روٹی کی قیمت کیا ہوتی ہے۔ انشاء  اللہ بچوں سے ملاقات ہوتی رہے گے۔ آپ ہمارا فیوچر ہو۔ بچو! آپ وطن سے بہت پیار کرتے ہو، میں نے یہ پیار آپ کی آنکھوں میں دیکھا ہے۔ بچو! اپنے وطن سے پیار کرنا  اور کبھی ملک کے خلاف کچھ غلط نہ کرنا، وطن کی محبت دل میں لے کر جوان ہوں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے طلبہ کے ہمراہ فوٹو بنوایا اور آٹو گراف دئیے۔ مریم نواز شریف کو کمشنر آفس پہنچنے پر بارڈر ملٹری پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ساڑھے چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں وزراء، ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی رابطے بہتر بنانے کیلئے افسروں کو کھلی کچہریاں لگانے کا حکم دیا۔ سرکاری سکولوں میں انگلش سپوکن کلاس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر کو سکولوں اور ہسپتالوں کے متواتر وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ ڈیرہ غازی خان کے ارکان اسمبلی نے روٹی اور آٹا سستا کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور ارکان اسمبلی نے فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن وہیل پراجیکٹ کو سراہا۔  مریم نواز شریف نے ڈی جی خان میں روٹی، آٹا اور سبزیوں کے نرخ دریافت کئے۔ اور کہا کہ نکاسی آب میں بہتری کیلئے پنجاب بھر میں واسا قائم کریں گے۔ دفاتر میں جو لوگ کام نہیں کرتے، ان سے نجات حاصل کرلی جائے۔ ڈورن کے ذریعے صفائی کے عمل کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے۔ پولیس افسران خود فون کرکے عوام سے مسائل کے حل کے بارے میں دریافت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرائم سے نمٹنے کیلئے پوری تیاری ہونی چاہیے۔ یکساں ڈیزائن کی ریڑھیوں کو مقررہ مقام پر رہنے کا پابند بنا یا جائے۔ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پر پیش رفت کا جائزہ، ارکان اسمبلی نے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہسپتالوں سے ادویات کی چوری اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہسپتالوں سے میڈیسن چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب  اپنی چھت۔۔۔ اپنا گھر پروگرام کے لئے تمام اضلاع میں قرعہ اندازی، مریم نواز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں قرعہ اندازی کرکے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا باقاعدہ آغازکر دیا۔ اپنا گھر پراجیکٹ کے لئے قرعہ اندازی میں 185 درخواست گزار کامیاب قرار پائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت۔۔ اپنا گھر پروگرام میں کامیاب افراد کو مبارکباد دی اور  کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پاکستان کی تاریخ کا سب سے پڑا پروگرام ثابت ہوگا۔ ہر سال ایک لاکھ افراد کو گھر دینے کا ہدف پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ''اپنی چھت۔۔ اپنا گھر'' سکیم میں کوئی سفارش نہیں، سب کو میرٹ پر قرض ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن