اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے یوم دفاع کے موقع پرنائیک محفوظ شہید کے مزار پر حاضری دی ،انہوں نے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی،فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔صدر آئی سی سی آئی نے شہید کے مزار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے جس میں انہوں نے نائیک محفوظ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر آئی سی سی آئی نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اپنے وطن کے دفاع پر قربان ہونے والے دیگر شہداء کیلئے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کی بہادر فوج اپنے مادر وطن کیلئے ناقابل فراموش قربانیوں کی تاریخ رقم کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے عزم اور حوصلوں کو تقویت دیتا ہے۔پاک افواج کے یہ شہداء اس بات کے شاہد ہیں کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے یہ پاک نفوس ہمیشہ سے ملک کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان شہیدوں کا لہو ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے دشمنوں کا اسی صورت ڈٹ کر مقابلہ کر سکتے ہیں جب ہم جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر ایک سوچ اور فکر کا مظاہرہ کریں گے۔