اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ، جدید ٹیکنالوجی سے ہنرمند نوجوانوں سے ملک کا روشن مستقبل جڑا ہوا ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ملک کا مثبت امیج اور قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، صوبہ کی یونیورسٹیوں کو روایتی تعلیم سے ہٹ کر عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم فراہم کرنا چاہئے، نوجوان طبقہ اور خواتین کو خودمختار بنانے کیلئے وفاقی اداروں کیساتھ ملکر جامع پروگرامز پر کام کر رہا ہوں، نوجوانوں کو اندرون و بیرون ملک روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ہزارہ یونیورسٹی کے 14ویں کانوکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. کانوکیشن میں وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحسن نوازخان، ڈی پی او مانسہرہ، ضلع انتظامیہ کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت فیکلٹی اراکین، یونیورسٹی کے سینیٹ و سنڈیکیٹ اراکین، طلباء و طالبات اور والدین نے شرکت کی. گورنر نے اس موقع پر بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 500 سے زائد طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 50 کے قریب طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز بھی پہنائے. وی سی ہزارہ یونیورسٹی نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی. گورنر خیبرپختونخوا نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا ۔
تعلیم یافتہ، جدید ٹیکنالوجی سے ہنرمند نوجوانوں سے ملک کا روشن مستقبل جڑا ہوا ہے،کنڈی
Sep 06, 2024