ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، 6 ستمبر 1965 کی مناسبت سے صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نے اہم پیغام جاری کیا ہے۔ وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں دعاؤں کے ساتھ ہوا، اس وقت مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب جاری ہے، تقریب میں شہداء کے اہل خانہ بھی شریک ہیں۔ صبح سویرے نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں یادگار شہدا پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، وائس ایڈمرل اویس احمدبلگرامی نے یادگارشہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے علاوہ یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب آج رات 8 بجے جی ایچ کیو میں ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر،اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی شریک ہوگی۔مرکزی تقریب کے دوران وزیراعظم اور آرمی چیف یادگار شہدا پر پھول رکھیں گے،تقریب سے وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خطاب بھی کریں گے۔آج ہی کے دن 1965 میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے مکار دشمن کی تمام تر چالوں کو ناکام بنایا تھا، بزدل دشمنوں کو ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے پر سبق سکھایا تھا۔6 ستمبر 1965ء کی صبح بھارت نے لاہور کے قریب سرحد عبور کی اور پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، پاکستانی فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کی پیش قدمی کو روکا، نہ صرف دشمن کو سرحد پار دھکیل دیا بلکہ جوابی حملے میں بھارتی افواج کو بڑی شکست دی۔عالمی سطح پر اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کیسے پاکستانی افواج اور قوم نے وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دیں، شجاعت، ایثار اور بہادری کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کو قوم آج سلام پیش کرتی ہے۔
یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
Sep 06, 2024 | 12:52