برطانوی افواج لیبیا کی تیل کی تنصیبات پرحملے کررہی ہیں ۔ لیبیا، امریکہ نے معمرقذافی کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش مسترد کردی ۔

لیبیا کے نائب وزیرخارجہ خالد قائم نے کہا ہے کہ برطانوی افواج الصریر میں لیبیا کی تیل کے بڑے ذخیرے پر حملے کررہی ہیں۔ اس حملے کے نتیجے میں تین گارڈز اور منصوبے پر کام کرنے والے کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور ولیری اموس نے مصراتہ میں زخمیوں کی دیکھ بھال اور لوگوں کی محفوظ منتقلی کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کےمطابق امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نےاطالوی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ امریکہ معمر قذافی سے کیا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اپنے زیر قبضہ علاقوں سے فوجیں نکالیں ، اور جنگ بندی چاہتے ہیں تواقتدار چھوڑ دیں، ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ معمرقذافی کو اقتدار اور لیبیا کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس کی سعودی عرب کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال پر بات چیت کی گئی ہے۔ پینٹاگون کے حکام نے کہا ہے کہ گیٹس شاہ عبداللہ سے خطے میں امن و امان کے معاملات پر مذاکرات کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن