صدر آصف علی زرداری کل نئی دہلی ميں بھارتی وزير اعظم من موہن سنگھ سے ون آن ون ملاقات کريں گے.

Apr 07, 2012 | 09:58

سفیر یاؤ جنگ
بھارتی اخبار کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درميان کل دوپہر کے کھانے سے قبل ون آن ون ملاقات ہوگی جس ميں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تنازعات پر بات چیت کی جائے گی۔اخبار کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور منموہن سنگھ کی ملاقات کی تفصیلات عام کیے جانے کے امکانات کم ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات کے بعد صدر مملکت خصوصی طیارے کے ذریعے جے پور اور وہاں سے اجمیر تک کا سفر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کریں گے اور خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری کے بعد اسی روز اسلام آباد واپس آجائیں گے۔صدر زرداری کی آمد پر اجمیر میں بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ درگاہ میں زائرین کی آمد روکنے کے علاوہ تمام راستے بھی بند کر دیئے جائیں گے۔ صدرپاکستان کی حفاظت پر بھارت کے مرکزی سکیورٹی دستوں اور خفیہ ایجنسیوں کے علاوہ راجستھان کے چھ اضلاع کے ایس پی بھی اپنی فورسز کے ساتھ مامور کیے جا رہے ہیں۔ اجمیر درگاہ میں سجادہ نشینوں اور عملے کی کمیٹی نظام گیٹ پر صدر زرداری کو پیتابہ پہنائے گی اور نظام گیٹ کی سیڑھی پر پہلا قدم رکھتے ہی شادیانے بجا کر صدر کا استقبال کیا جائے گا۔
مزیدخبریں