ڈیرہ بگٹی : گیس پائپ لائن تباہ، رحیم یار خان میں کوشش ناکام،3 دہشت گرفتار

Apr 07, 2014

 ڈیرہ بگٹی+ رحیم یار خان (این این آئی+ کرائم رپورٹر) ڈیرہ بگٹی میں 16 انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا جبکہ رحیم یار خان میں گیس پائپ لائن اڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جنوبی پنجاب میں گیس پائپ لائنوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے میں ملوث 3 دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ گیس فیلڈ میں نامعلوم افراد نے 16 انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد نصب کر کے تباہ کیا۔ دھماکے سے گیس کنواں نمبر15,16 اور 29 سے پلانٹ کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔ دھماکے کے بعد پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔ سکیورٹی فورسز اور متعلقہ محکمہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے تاہم ابھی تک متاثرہ پائپ لائن میں مرمت کا کام شرو ع نہیں ہوسکا۔ ادھر رحیم یار خان میں بھی پولیس نے بھونگ کے قریب مین گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی، تین ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 9 کلو باردوی مواد برآمد کرلیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل ظفر چٹھہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے بھونگ کے قریب گزرنے والی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس سلسلے میں پولیس نے 3 مشتبہ افراد کو گیس پائپ لائن کے قریب سے مشکوک حالت میں دیکھ کر انھیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں گرفتار دہشتگردوں نے روجھان ، رکن پور اور آباد پور کے علاقوں میں گیس پائپ لائنوں کو تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی جنکا تعلق بلوچ ری پبلکن آرمی سے ہے۔ دہشتگرد بھونگ کے علاقہ میں گیس پائپ لائنوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے کہ پولیس نے اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا گذشتہ شب حساس ادارے کی جانب انکشاف کیا گیا کہ بھونگ کے علاقہ ہیڈ فاضل واہ میں دہشتگرد گیس پائپ لائنوں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں جس پر پولیس  نفری نے دہشتگردی کی واردات کو ناکام بناتے ہوئے تین دہشتگردوں میوہ، رمضان اور پہر کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کا دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پکڑنے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق بلوچستان کے علاقہ سوئی اور کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے ہے۔

مزیدخبریں