لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عشروں پر محیط بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ برطانیہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے، پنجاب پولیس کی جدید خطو ط پر تربیت، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ برطانیہ کے عالمی ترقیاتی ادارے (ڈیفڈ) کے اشتراک سے فنی تعلیم کے فروغ کے پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوںکو مختلف فنون کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ کے مئیر ندیم علی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کی ترقی، خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے جبکہ تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات کی گئی ہیں۔ جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے خطے کی جدید فرانزک لیب قائم کی گئی ہے۔ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے دیگر 18 اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت عوام کو آرام دہ، سستی اور تیز رفتار سفری سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ لاہور میں میٹروبس سروس کے منصوبے سے روزانہ پونے 2لاکھ مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔ لاہور کے بعد راولپنڈی۔ اسلام آباد میٹروبس سروس کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی- اسلام آباد میٹروبس کے منصوبے کو 10ماہ میں مکمل کیا جائے گا جبکہ فیصل آباد اور ملتان میں بھی میٹرو بس سروس کے اجراء کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے جس کے باعث نہ صرف ملک میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں بلکہ یورپی یونین کے ممالک میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمد ات میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت جی ایس پی پلس کی سہولت کے سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور تمام کنونشنز پر یورپی یونین کے سٹینڈرڈز کے مطابق عمل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات یورپی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں۔ ٹیکسٹائل اورگارمنٹس کے شعبوں کی برآمدات بڑھنے سے یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا، پاکستان کی صنعت ترقی کرے گی اورمعیشت بھی مضبوط ہوگی۔ برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ کے مئیر ندیم علی نے شہباز شریف کی عوامی خدمت کے کاموں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے۔ بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹ عوامی وسائل عوام پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ملائیشیا کے معروف تعمیراتی گروپ کے چیئرمین داتو محمد سلیم بن فتح دین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ زین بن پوتے، راشپال سنگھ جسونت، عبدالحمید محمد حسین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ شہبا ز شریف سے ملاقات کے دوران ملائیشین گروپ نے انفراسٹرکچر اور توانائی سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے۔ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ملائشین گروپ کی جانب سے انفراسٹرکچر اور توانائی سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف گزشتہ روز فاطمہ میموریل ہسپتال گئے اور وہاںزیر علاج سابق گورنر پنجاب شاہد حامد کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ کچھ دیر شاہد حامد کے ساتھ رہے اوران کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔ دریں اثناء شہباز شریف نے جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور ممتاز خطیب علامہ محمد اقبال اظہر اور لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے سینئروائس چیئرمین میاں خرم الیاس کے والد اور معروف صنعت کار میاں محمد الیاس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
راولپنڈی ، اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ10 ماہ میں مکمل کیا جائے گا: شہباز شریف
Apr 07, 2014