لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کا اعلان کریں۔ حکمرانوں کو فرانس کے انقلاب سے عبرت پکڑنی چاہیے اور کسانوںکا استحصال نہیں کرنا چاہیے۔ فرانس میں مزدوروں کا استحصال کرنے والے کارخانہ داروں کو بھاگنے کا بھی موقع نہیں ملا تھا۔ خیبرپی کے اور بلوچستان میںعوام کو گندم قطاروں میں لگ کر خریدنا پڑتی ہے جبکہ پنجاب حکومت گندم خریدنے کے لیے تیار نہیں۔ حکومت جنوبی پنجاب میں شدید بارشوں اور ژالہ باری سے تباہ ہونے والی گندم کی فصل کا سروے کرائے اور اس سے متاثرہ کسانوں کے لیے مالی امداد ی پیکیج کا اعلان کرے۔ کسانوں کے باپ دادا بھی اسی طرح محرومیوں کا شکار رہ کر اس جہاں سے چل بسے اب انہیں اپنی آنے والی نسلوں کو محرومیوں کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے ظالم جاگیرداروں کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ وہ لیہ میں بڑے کسان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت گندم کی فصل تیار ہے مگر کسان پریشان ہیں کہ اسے کہاں فروخت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسی ظلم کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ بنک بڑے مگر مچھوں کو کروڑوں اربوں روپے کے قرضے دے کر معاف کر دیتے ہیں جبکہ غریب کسانوں کو اپنی ضروریات کے لیے بنکوں سے قرض نہیں ملتا۔ سراج الحق نے کہاکہ کسان اور مزدور اپنے انتخابی رویے کو تبدیل کریں اور ان سانپوں کو دودھ نہ پلائیں جو اژدھے بن کر انہیں ڈس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان پر بوجھ ہیں اور ان کی وجہ سے پاکستان کی سالمیت اور یکجہتی کو شدید خطرات کا سامناہے آج اگر بلوچستان میں نفرت کے بادل ہیں تو وہ پاکستان کے نہیں بلکہ اسلام آباد کی ظالم اشرافیہ کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے اسی رویے کی وجہ سے پاکستان ایک بار پہلے بھی دولخت ہوچکا ہے حکمرانوں کو ایسا رویہ بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حکمرانوں کا ٹھکانا اڈیالہ جیل ہے۔
حکمران انقلاب فرانس سے عبرت پکڑیں‘ کسانوں سے گندم خریدنے کا اعلان کریں: سراج الحق
Apr 07, 2015