ملتان (خاتون رپورٹر) پی آئی اے کی پرواز سے گزشتہ سے پیوشتہ اسلام آباد پہنچ کر بذریعہ بس ملتان پہنچنے والے پاکستانی محصورین کا شاندار استقبال کیا گیا۔ لواحقین نے ڈائیوو بس ٹرمینل پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے‘ مٹھائی تقسیم کی۔ لواحقین نے خوشی میں میاں نواز شریف زندہ باد‘ پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔ پھولوں کے ہار پہنائے اور گلاب کی پتیاں نچھاور کیں۔ محصورین اور لواحقین ایک دوسرے سے گلے مل کر رونے لگے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے لواحقین نے بتایا ہمیں خوشی ہے میڈیا نے ہماری آواز حکمرانوں تک پہنچائی۔ وزیراعظم نے ہمارے درد کو محسوس کیا، سلیمان کے والد اور کاشف کی اہلیہ کنول نے بتایا ہم بہت مشکل میں تھے۔ ہم حکمرانوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں خوشیاں عطا کیں۔ محصورین نے ملتان آمد کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے بتایا ترکی‘ انڈیا اور پاکستان کے اکثر باشندے یمن سے واپس آ گئے ہیں تاہم 50 کے لگ بھگ ایسے پاکستانی ابھی یمن میں ہیں جو وہاں اعلیٰ پوسٹوں پر ہیں۔ سعودی‘ جرمن ہسپتال کے جنرل منیجر محمد عباس اور یمن میں ہیں جبکہ تمام عملہ واپس آ چکا ہے۔ ورکشاپ سے ائرپورٹ آنے کے دو ہزار ریال کرایہ ادا کیا ائرپورٹ پر چاروں جانب بمباری اور جھڑپیں جاری تھیں۔ صرف چار فوجی تھے۔ سکیورٹی کا نظام انتہائی ناقص تھا۔ صنعا کے 178 پاکستانیوں کی لسٹ بنائی گئی تھی جو تقریباً سبھی آ چکے ہیں۔ حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہم نے کفیل کی منت سماجت کی تو انہوں نے ہمارے بقایا جات پر دستخط کرائے اور 3 ماہ کی چھٹی دی ہے۔ صنعا میں حالات خراب سے خراب تر ہو رہے ہیں۔ شام ہوتے ہی کھڑکیاں دروازے لرزتے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم خیریت سے واپس آ گئے۔ صنعا سے واپس ملتان آنے والوں میں سہیل اکرم‘ محمد صدیق‘ محمد سلیمان‘ محمد ندیم‘ خرم علی‘ طارق علی‘ محمد مظہر‘ محمد مزمل‘ کاشف علی‘ محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔ پاکستانیوں کی ملتان آمد پر ان کا استقبال ن لیگ کے حمزہ شاہد لودھی اور امتیاز گلزار چٹان نے کیا جبکہ کوئی ایم ین اے یا ایم پی اے ان کے استقبال کے لئے نہ آیا تاہم اس خوشی کے موقع پر لواحقین کا کہنا تھا ہمیں ایسے لگ رہا ہے گویا میاں نوازشریف نے ہی ہمارے پیاروں کی واپسی پر ان کا استقبال کیا ہے۔ علاوہ ازیں یمن سے پاکستان آنے والے 6 بہنوں کے اکلوتے بھائی محمد صدیق کی والدہ حسینہ بی بی نے نوائے وقت سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے بتایا سات بہنوں کے بعد اللّہ نے محمد صدیق عطا کیا۔ اللہ تعالیٰ میڈیا اور حکمرانوں کو ہمارا مسئلہ حل کرانے پر اجر عظیم دیں گے۔ ایک ماں کی دلی دعا ہے۔