لاہور(خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کا مؤقف بڑا واضح ہے کہ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے پاکستان کو فوج ضرور بھیجنی چاہئے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا بھارت کے ساتھ ہماری دو جنگوں میں بھی سعودی عرب نے کھل کر ہمارا ساتھ دیا، زلزلہ ہو یا کوئی اور آفت انہوں نے ہماری امداد کی، سعودی عرب میںلاکھوں پاکستانیوں کو روزگار ملا۔ پارلیمنٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے تعلقات آج سے نہیں قیام پاکستان کے بعد سے برادرانہ تعلقات چلے آرہے ہیں، آج اگر سعودی عرب پر مشکل وقت ہے تو پاکستان کو اس کا بھرپور طور پر ساتھ دینا چاہئے۔ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے پاکستان کو فوج ضرور بھیجنی چاہئے، پارلیمنٹ میں متفقہ قرارداد پاس ہونی چاہئے، سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کو ہم پارلیمنٹ میں واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
عمران کو پارلیمنٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں‘ پاکستان سعودی عرب فوج ضرور بھیجے: پرویزالٰہی
Apr 07, 2015