لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے سانحہ یوحنا آباد ہنگامہ آرائی کے شُبہ میں حبس بیجا میں رکھے گئے 14 افراد کو آئندہ سماعت پر ہر صورت بازیاب کروا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا یوحنا آباد میں دو افراد کو زندہ جلانے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پولیس نے متعدد افراد کو غیر قانونی حراست میں لے رکھا ہے۔ قانونی کارروائی کے بغیر کسی بھی فرد کو حبس بیجا میں رکھا جانا بنیادی حقوق اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، سرکاری وکیل نے پولیس کی جانب سے رپورٹ داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گیارہ افراد اپنے گھروں میں موجود ہیں، ایک شخص سہیل جانسن کی بیرون ملک موجودگی کی اطلاعات ہیں، دو افراد یوسف اور ثالم کی کوئی اطلاع نہیں۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کیا جانیوالا بیان حلفی مسترد کردیا۔ مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔
سانحہ یوحنا آباد: حبس بے جا میں رکھے 14افراد کل ہر صورت پیش کئے جائیں : ہائیکورٹ
Apr 07, 2015