لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی تیاری کے لئے قومی ون ڈے ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر بنگلہ دیش کے خلاف تینوں فارمیٹ کی الگ الگ ٹیموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیریز کی تیاری کے لئے ابتدائی مرحلے میں ون ڈے سکواڈ کے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔ اظہر علی کو قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم، سرفراز احمد، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، حارث سہیل، صہیب مقصود، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل اہر سہیل خان شامل ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر یونس خان کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے ٹیم سے آرام دیا گیا ہے جبکہ عمر اکمل، احمد شہزاد اور ناصر جمشید ناقص کارکردگی کی بنا پر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ ون ڈے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے گذشتہ روز ہی کیمپ کمانڈنٹ منیجر نوید اکرم چیمہ کو رپورٹ کر دی تھی۔ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے باقاعدہ شروع ہو جائے گا جو 11 اپریل تک جاری رہے گا۔ پانچ روزہ تربیتی کیمپ میں وقت کی کمی کے باعث کھلاڑیوں کی پریکٹس کےلئے صبح اور شام کے دو سیشنزرکھے گئے ہیں۔سیریز کی تیاریوں کے سلسلہ میں ہیڈ کوچ وقار یونس ،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور،فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن،سپن باو¿لنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد سمیت کوچنگ ٹیم کے دیگر ارا کین بھی گذشتہ روزلاہور پہنچ گئے ۔ قومی کرکٹ ٹیم دورہ بنگلہ دیش میں 2 ٹیسٹ ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ سیریز کا آغاز 17 اپریل کو ایک روزہ میچ سے ہوگا ، دوسرا ون ڈے 19 اور تیسرا 22 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم دورہ بنگلہ دیش میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 28 اپریل کو کھلنا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 6 مئی کو میر پور میں کھیلے گی۔ سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ 24 اپریل کو ہوگا۔