حیدر آباد: پراسرار بیماری سے 7 کمسن بچے جاں بحق‘ عمریں دو سے آٹھ سال ہیں

حیدر آباد (اے این این) حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں واقع گائوں اللہ بخش بروہی میں پراسرار بیماری سے 7کمسن بچے دم توڑ گئے جس کا محکمہ صحت نے نوٹس لیتے ہوئے بیماری میں مبتلا درجنوں بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق بچے غذائی قلت کے ساتھ ساتھ خسرے کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ لطیف آباد کے علاقے گلستان سرمست کے نزدیک واقع گاوں اللہ بخش بروہی میں پراسرار بیماری میں مبتلا 7 کمسن بچے ہلاک ہوگئے جن کی عمریں 2 سے 8 سال تک بتائی جاتی ہیں۔ محکمہ صحت کو اطلاع دی گئی تو خصوصی ٹیم نے متاثرہ گاؤں پہنچ کر دیگر بیمار بچوں کا چیک اپ کرنے کے بعد بچوں کو گورنمنٹ ہسپتال کوہسار منتقل کرا دیا جہاں ان کا فوری علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر احمد حیدر کے مطابق پورا گائوں غذائی قلت کا شکار ہے اور بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کی جسمانی حالت بھی کافی کمزور ہے، 24بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جنہیں خسرے کی بیماری نے لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن