سری نگر + نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) بھارت نے مقبوضہکشمیر میں سائبر کریک ڈاﺅن شروع کر دیا۔ 10ہزار فیس بک اور 5 سو واٹس اےپ اکاﺅنٹ بلاک کر دےئے گئے۔ ریاستی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ پر بھارت مخالف، عسکرےت پسندی اور بھارت مخالف احتجاج کو منظم کرنے سے متعلق مواد کو بلاک کرنے کی مہم شروع ہو گئی، پولےس کے خصوصی سائبر سیل کو متحرک کر دیا گیا۔ بھارتی فورسز کی کارروائیوں کے خلاف پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا اس دوران تحریک حریت کے تحصیل صدر سمیت ڈیڑھ درجن کے قریب افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پلوامہ میں گرفتاریوں کے خلاف لوگوں نے سڑکوں پر آ کر احتجاج کیا۔ ضمنی انتخابات نزدیک آنے کے ساتھ ہی پولیس نے جنوبی کشمیر میں مبینہ طور پر سنگباری میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن بھی شروع کیا ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی ٹیم کی طرح کا یونیفارم پہن کر میچ کھیلنے والوں کو گرفتار کرنے پر کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر کشمیری نوجوانوں کی میچ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ مذکورہ لڑکوں کی گرفتاری کے بعد اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا جس کے بعد سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ یہ کرکٹر مقبوضہ کشمیر کے وسطی علاقے گاندربال کے کرکٹ کلب سے تعلق رکھتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ کرکٹ میچ دو ٹیموں کے درمیان تھا جس میں سے ایک بھارت اور دوسری پاکستان کی نمائندگی کر رہی تھی۔ علاقے کے ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کسی انٹرنیشنل میچ کی طرح میچ سے قبل دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔ بھارت کے انسداد دہشت گردی کی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نئی دہلی سے وادی جا کر اس معاملے کی تفتیش کرے گی۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ، ظلم وتشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سخت نوٹس لیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی، نوجوانوں کی گرفتاری اور حریت رہنماﺅں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پارلیمنٹ کے نام نہاد ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم کے سلسلے میں لوگ آج جمعہ یوم تجدید عہد کے طور پر منائیں گے۔ یہ دن منانے کی اپیل سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے دی ہے۔ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری کئے جانے والے احتجاجی کلینڈر کے مطابق 9اور 12اپریل کو اسلام آباد اور سرینگر کے حلقوں میں مکمل ہڑتال کی جائے گی جہاں ان دنوں نام نہاد انتخابات کا انعقاد ہونا ہے۔ چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے امریکہ کی طرف سے ثالثی کی پیشکش کو بھارت کی طرف سے ٹھکرائے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی موقف کی کمزوری کی دلیل ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیر پر چونکہ اُس کے قبضے کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز نہیں ہے، لہٰذا وہ مذاکرات سے فرار کی راہ پر گامزن ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گر گیا تین بھارتی فوجی لاپتہ ہو گئے جبکہ 5 فوجیوں کو بچا لیا گیا۔