کراچی (کرائم رپورٹر) بلدیہ ٹائون کے علاقے گلشن غازی کی کچی آبادی میں پہاڑی تودہ دو منزلہ مکان پر گر گیا ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں باپ‘ تین بچے اور بھتیجا شامل ہے۔ واقعہ جمعرات کو علی الصباح تقریباً4 سالہ بجے پیش آیا جس کے بعد قریبی مسجد گلزار مدینہ سے اعلانات کرکے لوگوں کو مدد کے لئے بلایا گیا۔ بعدازاں ایدھی اور چھیپا ویلفیئر کے رضاکاروں سمیت ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں۔ پہاڑی تودہ گرنے سے راج مستری کا کام کرنے والے ضمیر گل کا دومنزلہ مکان تباہ ہوگیا جبکہ اطراف میں بنے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعہ میں 50 سالہ ضمیر گل ‘ اس کی دو بیٹیاں17 سالہ اقرائ‘20 سالہ کائنات‘ بیٹا11 سالہ عبداللہ اور بھتیجا9 سالہ آصف جاں بحق ہوئے، زخمیوں میں ضمیر گل کی اہلیہ نگینہ بی بی کے علاوہ16 سالہ روما‘13 سالہ مسکان اور7 سالہ بشریٰ شامل ہیں۔ مزید براں کراچی کے مختلف علاقوں میں دوافراد قتل جبکہ3 پراسرار طور پر ہلاک اور فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ قتل کی ایک واردات اورنگی ٹائون میں فرنٹیئر موڑ پر ہوئی جہاں نامعلوم افرادنے ایک نوجوان 26 سالہ محمد علی کو چھری کے وار کرکے ہلاک کیا۔ گلستان جوہر میں سفورا چورنگی پر عارف آرکیڈ کے قریب کچرا کنڈی سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ میں ہیئر ڈریسر کی دکان پر کام کرنے والے تین افراد پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے ‘ تینوں کی لاشیں دکان سے ملیں۔ پولیس کے مطابق مرنے والے تینوں افراد کی شناخت 23 سالہ نذر، 28 سالہ ارشاد اور علی ولد اللہ دینو کے ناموں سے ہوئی جو ہیئر ڈریسر کی دکان میں کام کرتے تھے اور مالک مکان کی جانب سے مکان خالی کرائے جانے کے بعد سے دکان میں ہی سوتے تھے پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اندازہ ہوتا ہے کہ تینوں کی موت دکان کا شٹر بند ہونے کے سبب دم گھٹنے سے ہوئی۔
کراچی: مکان پر تودہ کرنے سے ایک شخص 3 بچوں بھتیجے سمیت ہلاک‘ حجام کی دکان سے 3 نعشیں برآمد
Apr 07, 2017