لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو لاہور پہنچ گئے۔ وہ لاہور میں پارٹی رہنمائوں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگے۔ بلاول قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے کی شادی میں شرکت کیلئے آج لالہ موسی جائیں گے۔ 8 اپریل کو ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، وہاڑی اور خانیوال کیلئے اور 9 اپریل کو رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر اور لودھراں کے 4 اضلاع کی نئی قیادت کیلئے انٹرویو ہوں گے۔بلاول بھٹولاہور میں قیام کے دوران پیپلز پارٹی میں شمولیت کے خواہشمندوں سے ملاقات کریں گے۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن کیخلاف آئندہ انتخابات میں مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کیلئے دوسری پارٹیوں کی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں بلاول نے عوامی مسائل پر احتجاجی مظاہروں کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ بلاول نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ہو یا نجکاری حکومت کو ہر میدان میں ٹف ٹائم دینا ہے قوم پانامہ لیکس کے فیصلے کا شدت اور بے صبری سے انتظار کر رہی ہے۔ حکومت نے انتخابات میں کئے وعدے پورے نہیں کئے۔ تنظیم سازی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کر کے حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔