صوبائی بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اجلاس مختلف ٹیکسیز سے متعلق شکایات زیر بحث

Apr 07, 2017

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پنجاب کے بجٹ 2017-18کی تیاری کے حوالے سے رواں مالی سال کے اختتام تک اکٹھے ہونے والے ٹیکس کے تخمینے کے لیے جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں سیکرٹری خزانہ پنجاب حامد یعقوب شیخ ، سپیشل سیکرٹری خزانہ پنجاب سیف اللہ ڈوگر، چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی راحیل احمد صدیقی،، ممبر بورڈ آف ریونیو اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نمائندگان شامل تھے۔اجلاس میں وفاق کے ساتھ ان پٹ ایڈجسٹمنٹ، ناقابل انتقال پراپرٹی، انفراسٹریکچر سیسس، ایگریکلچر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس آن سروسز کی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے شکایات کو زیر بحث لایا گیا۔ انہوں نے چیئرمین پی آر اے کو بھی تاکید کی کہ وہ ایف بی آر اور ٹیلی کوم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ڈیٹا شیئر کریں تاکہ نادہندگان کی نشاندہی کی جا سکے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب آئندہ بجٹ میں بزنس میں آسانی(Ease of Doing Business) کے حوالے سے اہم اعلانات کا ارادہ رکھتی ہے۔ علاوہ ازیںصوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان میں اُٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران کہا ہے کہ حکومت پنجاب پاک چائنا اکنامک کاریڈورسے استفادے کے لیے لیبر فورس کی تیاری میں بلوچستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گی جس میں گوادر کے فنی تربیتی ادروں کے لیے مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق سلیبس کی تیاری ، بزنس انکیوبیشن سینٹرز کا قیام اور یوتھ انٹرپینیورشپ پروگرام کا آغاز شامل ہو گا ۔

مزیدخبریں