لاہور( لیڈی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام مہنگائی ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، خواتین نے ہاتھوں میں ٹماٹر اٹھا کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ، لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے مطالبات سمیت حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے ۔ تحریک انصاف لاہور کی نائب صدر مسرت جمشید چیمہ کی قیادت میں خواتین کارکنوں نے حلقہ این اے 124میں مہنگائی ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں اورانہیں صرف اپنے مفادات عزیز ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں جبکہ پاکستان میں ہر دو ہفتے بعد اضافہ کر دیاجاتا ہے ۔
جس سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے ۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے حکمرانوں کی گڈ گورننس کا پول کھل گیا ہے ۔