جودھپور (آن لائن+اے ایف پی) بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان نے جیل میں ملنے والی دال روٹی کھانے سے انکار کر دیا تاہم انہوں نے باہر سے بھی من پسند کھانا منگوانے کی فرمائش نہیں کی، شاید وہ بھوکے رہے۔ دوسری طرف جودھ پور کی سیشن عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کر دی۔ بھارتی سپرسٹار سلمان خان نے گزشتہ رات مغربی ریاست راجستھان کی جودھ پور میں واقع جیل میں قیدی نمبر 106کے طور پر گزاری۔ جیل میں ان کی حفاظت کیلئے ان کے ذاتی محافظ موجود تھے۔ جمعہ کو جیل سپرنٹنڈنٹ وکرم سنگھ نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کو سزا سنانے کے بعد عدالت سے وارڈ نمبر 2 میں لایا گیا جوکہ آشا رام باپوجی (آسومل سیروملانی) کے وارڈ کیساتھ واقع ہے، آشام رام باپوجی، ہندو مذہبی پیشوا ایک کمسن لڑکی سے جبری زیادتی کے کیس میں 2013 سے قید ہے۔ سلمان خان کو عام قیدیوں کی طرح رکھا جائیگا، صرف وقتی طور پر ان کے کپڑے انہیں دے دیئے گئے مگر آج سے انہیں قیدیوں کا لباس ہی پہننا پڑے گا۔ سیل میں ایک سادہ لکڑی کا بستر، ایک بچھونا، چار کمبل اور ٹھنڈے پانی کا کولر مہیا کیا گیا ہے۔ سلمان خان کو رات میں دال چپاتی دی گئی تھی اور صبح ان کیلئے کھچڑی بھیجی جائیگی جو انہیں جیل کے برتنوں میں ہی کھانی پڑے گی۔ دوسری جانب سلمان خان کی سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے جودھپور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو بھارت کے سرگرم گینگسٹر کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔ سلمان خان کو آج محفوظ مقام پر منتقل کیا جائیگا۔