ملتان (خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی‘ سماجی رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث آج پاکستان کو پانی کے بحران کا سامنا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے بانیوں کو روکنا غلط اور پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے حکمرانوں کو آبی مسئلہ کو عالمی سطح پر اٹھانا ہو گا۔ روزنامہ نوائے وقت کے زیر اہتمام کسان میلہ ایک تاریخی اقدام ہے اس سے زراعت کی صنعت میں بہتری پیدا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کسان میلہ میں مختلف سٹالز دیکھنے اور میلہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ نوائے وقت کا کسان میلہ کا انعقاد کرنا خوش آئند ہے اس سے زرعی طور پر نئی ریسرچز سے خطہ کا کاشتکار مستفید ہو گا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم زراعت کو اپنی اولین ترجیح میں شامل کر لیں زراعت اور پاکستان کا مستقبل ایک دوسرے میں پنہاں ہے کاشتکار کی خوشحالی سے پاکستان کی خوشحالی کا دروازہ کھلے گا اور پاکستان مقروض ملک سے خود انحصاری والے ملک کی طرف چلا جائے گا انہوں نے کہا کہ میلہ میں آ کر دلی خوشی محسوس کررہا ہوں۔ آج اس میلہ میں مجھے خود کئی نئی چیزیں دیکھنے کو ملی ہیں۔ سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کسانوں کی رہنمائی آگاہی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔
جاوید ہاشمی
نوائے وقت کے کسان میلہ سے کاشتکار نئی ریسرچز سے مستفید ہو گا: جاوید ہاشمی
Apr 07, 2018