اسلام آباد (نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کے پیر کو شروع ہونے والے اجلاس میں چیئرمین صادق سنجرانی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ’’تعلقات کار‘‘ کا قیام سنگین مسئلہ کی صورت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ مسلم لیگی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹ کے ارکان اور چیئرمین کے انتخاب میں ہارس ٹریڈنگ کا معاملہ پورے زوروشور سے اٹھائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے درمیان سینیٹ کے اجلاس میں احتجاج کرنے کیلئے باہمی رابطے قائم ہو رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مشکل ترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسلم لیگ (ن) صادق سنجرانی کو چیئرمین کے طور پر قبول کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ وہ اس سلسلے میں دیگر پارلیمانی گروپوں کے قائدین کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو نرم رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کریں گے۔