لاہور(نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے 13 قومی کھلاڑیوں کو فائنل کرلیا گیا، محمد حفیظ اور آصف علی میں ٹائی پڑ گئی جبکہ فاسٹ بائولرز محمد حسنین اور عثمان شنواری میں سے ایک کو چنا جائے گا۔مشن ورلڈ کپ کیلئے 15 میں سے 13 قومی کھلاڑی فائنل کر لئے گئے۔ اوپنرز میں فخر زمان، امام الحق اور نوجوان عابد علی شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، شاداب خان اور عماد وسیم سکواڈ کا حصہ ہیں۔ مڈل آرڈر میں بابر اعظم، حارث سہیل، شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد کے نام شامل ہیں جبکہ فاسٹ باؤلرز میں حسن علی، محمد عامر اور شاہین آفریدی کو منتخب کر لیا گیا۔فٹنس ٹیسٹ کے بعد 15 رکنی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو ہوگا۔ عالمی کپ میں ٹیم پاکستان 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ میگا ایونٹ کا سپر مقابلہ یعنی روایتی حریف پاکستان اور بھارت 15 جون کو مدمقابل ہوں گے۔ آسٹریلوی کھلاڑی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن حسن خان نے کہا ہے کہ اوپننگ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی ورلڈکپ میں بہت بڑا دھچکا ہوگا، پاکستان خصوصی اور مضبوط اوپنرز کی جوڑی کا انتخاب کرے، میچ جیتنے کیلئے معیاری آل رانڈرز اہم کردار ہوتے ہیں، انگلینڈ کے موسم میں تبدیلی کی وجہ سے اسپنرز کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ مستحکم نہیں ہوپاتی جس کی وجہ سے صرف دو کھلاڑیوں پر دبا ئو پڑ جاتا ہے، ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان خصوصی اور مضبوط اوپنرز کی جوڑی کا انتخاب کرے۔محسن خان نے ورلڈکپ جیتنے کے لیے قومی ٹیم میں موجود آل رانڈرز کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میچ جیتنے کیلئے معیاری آل رانڈرز اہم کردار ہوتے ہیں۔ ورلڈکپ میں بہتر کارکردگی کیلئے کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس سے زیادہ ذہنی فٹنس ضروری ہے۔ آپ کو لازمی ایک سخت مقابلہ دینے والی ٹیم کے خلاف دماغی طور سے تیار رہنا چاہیے کیونکہ ایک اچھی ٹیم اور کھلاڑی ہمیشہ دبا ئو میں پرفارم کرتے ہیں لیکن پاک آسٹریلیا سیریز میں قومی کھلاڑی تنا ئو اور ذہنی فٹنس کے باعث اچھا پرفارم نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 5 سے 7 فاسٹ بائولرز کے آپشنز ہیں جو ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں جبکہ انگلینڈ کے موسم میں تبدیلی کی وجہ سے سپنرز کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
ورلڈ کپ کیلئے 13 کھلاڑی فائنل، حفیظ، آصف میں ٹائی
Apr 07, 2019