سرگودھا(نامہ نگار)امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اوروبائی مرض کرونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا مشاہدہ کرنے کیلئے آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثر نے بھکر کا دورہ کیا۔ ڈی پی او بھکر فیصل گلزار نے آرپی او سرگودھا کا استقبال کیا اور بھکر سٹی میں قائم کردہ قرنطینہ سنٹر بمقام گورنمنٹ کامرس کالج بھکرکا دورہ کرایا۔ اس دوران آر پی او سرگودھا نے وہاں پر حفاظتی نقطہ نظر سے ٹھہرائے گئے افراد سے بات چیت کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ ڈی پی او بھکر اور ایس ڈی پی او صدر بھکر کی طرف سے قرنطینہ سنٹر پر سکیورٹی انتظامات و دیگر اقدامات کے حوالے سے آر پی او سرگودہا کو بریف کیا گیا۔ بعدازاں آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثر نے میٹنگ ہال ڈی پی او آفس میں پولیس افسران سے میٹنگ کی۔دفعہ 144ضابطہ فوجداری کے نفاظ ، لاک ڈاؤن کی صورتحال اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کے متعلق آرپی او سرگودہا کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آر پی او سرگودھا نے کہا کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد کروانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہم بطور قوم مل کر اس موذی وباء کو شکست دینگے۔