اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کرونا وائرس کے حوالے سے مختلف سربراہان حکومت کو خطوط لکھے ہیں۔ ہلاکتوں پر پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایک غیر معمولی عالمی چیلنج ہے جس سے ہر ایک فرد متاثر ہوا ہے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ اس بحران سے جہاں تباہی ہوئی ہے وہاں اقوام عالم کو متحد ہونے کا ایک منفرد موقع میسر آیا ہے۔ ایوان بالا کے چیئرمین نے جرمنی کی چانسلر، سپین اور اٹلی کے وزراء اعظم کو خطوط لکھے اور پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی۔ چیئرمین سینٹ کی جانب سے بیلاروس کی کونسل آف ری پبلک (قومی اسمبلی) کے سپیکر، پولینڈ کے مارشل آف سینٹ اور برونائی دارالاسلام کے پاکستان میں سفیر کو بھی خطوط لکھے گئے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر بہت دل گرفتہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پارلیمان اور عوام اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں اور ہر قسم کی معاونت اور پیرا میڈیکل سپورٹ فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ توقع ہے کہ مشترکہ کوششوں سے ہم جلد اس بحران پر قابو پا لیں گے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے مارشل آف سینٹ پولینڈ کی جانب سے ان کو بھیجے گئے پولینڈ کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دورہ ممکن نہیں رہا، حالات ٹھیک ہونے پر پارلیمانی رابطوں اور دوروں کو ری شیڈول کیا جائے گا۔