دمشق(شِنہوا)دولت اسلامیہ(آئی ایس) عسکریت پسندوں نے شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں حکومتی فورسز پر حملہ کیا ہے۔پیر کے روز اسے ایک جنگی مانیٹر نے رپورٹ کیا۔شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے کہا کہ داعش نے پہلے مارٹر گولوں سے حملہ کیا اور اس کے بعد دیر الزور کے مشرقی دیہی علاقوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔برطانوی واچ ڈاگ گروپ نے کہا کہ دونوں فریقین کو نقصانات اٹھانا پڑے ہیں۔اس نے کہا ہے کہ مارچ کے بعد سے دیر الزور کے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ حمص ،رقہ اور السویدا صوبوں کے دیہی علاقوں میں بھی داعشی عسکریت پسندوں کے اسی طرح کے حملوں میں اب تک 377 سرکاری فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔آبزرویٹری نے کہا کہ اسی عرصے کے دوران 119 داعشی عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ملک بھر میں کلیدی علاقوں سے داعش کا قبضہ ختم ہو چکا ہے لیکن اس کے سلیپرسیل اور ریگستانی خطے میں کچھ گروہ شامی افواج پر حملے کرتے رہتے ہیں۔