اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا بریفنگ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرائ، مشیروں اور صوبائی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو مزید بڑھانے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں فی 10 لاکھ افراد میں 163 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔ ملک میں 3844 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔ پنجاب میں 1697، سندھ میں 1550، اے جے کے میں 63 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ کے پی کے میں 400، بلوچستان میں 74، اسلام آباد میں 47 اور گلگت بلتستان میں 13 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹور نے اجلاس کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے مستحقین کو راشن کیلئے 50 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹور پر وافر مقدار میں چیزیں موجود ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے وزارت توانائی کو فیول کی آسان فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو ملک کی مخصوص صنعتوں کو 14 اپریل سے کھولنے کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سول ایوی ایشن کو فلائٹ آپریشن سے متعلق 8 اپریل تک روڈ میپ دینے کی ہدایت کی۔