اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کورونا وائرس کے حوالے سے مختلف سربراہان حکومت کو خطوط لکھے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایک غیر معمولی عالمی چیلنج ہے جس سے ہر ایک فرد متاثر ہوا ہے ۔چیئرمین سینیٹ کی جانب سے لکھے گئے خطوط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس بحران سے جہاں تباہی ہوئی ہے وہاں اقوام عالم کو متحد ہونے کا ایک منفرد موقع میسر آیا ہے ۔ ایوان بالاء کے چیئرمین نے جرمنی کے چانسلر ، سپین اوراٹلی کے وزراء اعظم کو خطوط لکھے اورپاکستان کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی ۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے بیلا روس کی کونسل آف ری پبلک (قومی اسمبلی)کے سپیکر ، پولینڈ کے مارشل آف سینیٹ اور برونائی دارالاسلام کے پاکستان میں سفیر کو بھی خطوط لکھے گئے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر بہت دل گرفتہ ہوں ۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے متاثر خاندانوںسے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان دنیا کی طرح سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پارلیمان اور عوام اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں اورہر قسم کی معاونت اور پیرا میڈیکل سپورٹ فراہم کرنے کو تیار ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ توقع ہے کہ مشترکہ کوششوں سے ہم جلد اس بحران پر قابو پا لیں گے ۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے مارشل آف سینیٹ پولینڈ کی جانب سے ان کو بھیجے گئے پولینڈ کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دورہ ممکن نہیں رہا ، حالات ٹھیک ہونے پر پارلیمانی رابطوں اور دوروںکو ری شیڈول کیا جائے گا۔
چیئرمین سینٹ کا مختلف سربراہان مملکت کوخط،کروناسے ہلاکتوں پراظہارافسوس
Apr 07, 2020