اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سماجی تحفظ کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی اس ہفتے شروع ہوجائے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت چار ماہ کیلئے روز مرہ استعمال کی اشیا پوری کرنے کیلئے ایک مستحق خاندان کو ایک ہی مرتبہ بارہ ہزار روپے کی مالی امدادملیگی۔ثانیہ نشتر نے کہا کہ مالی امداد کا مقصد کوروناوائرس کے پیش نظر لاک ڈاون سے متاثرہ معاشرے کے محروم طبقات کی مدد کرنا ہے۔انہوں نے مستحق افراد سے کہا کہ وہ امداد کے لئے اپنے استحقاق سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے 8171 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے اب تک تین کروڑ چالیس لاکھ پیغامات موصول ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کا حتمی فیصلہ اعدادو شمار کے جائزے ،مالی حیثیت، ماہانہ بلوں کی اوسط شرح اور سفری تاریخ جیسے جانچ پڑتال کے طریقوں کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اس سکیم سے استفادہ کرنے کے اہل نہیں ہیں۔
ثانیہ نشتر