اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف ہمارا ہر اول دستہ ہے۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہر حال میں اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی ضروریات کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن اقدامات لئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر ، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر ظفر مرزا ، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل اور سینئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔
وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور کورونا متاثرین کی نگہداشت کے حوالے سے انتظامات پر چئیرمین این ڈی ایم اے اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک بھر میں 136 ہسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے حفاظتی کٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے این ڈی ایم اے ہسپتالوں کی انتظامیہ سے براہ راست رابطہ استوار کر لیا ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 49 ہزار 500 حفاظتی کٹس پہلے ہی تمام صوبوں کے مختلف ہسپتالوں میں فراہم کی جا چکی ہیں۔ مزید کٹس کی ہسپتالوں کوفراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کر لی جائے گی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ میں بتایا کہ این ڈی ایم اے کے پاس حفاظتی کٹس اور ماسکس کی کوئی کمی نہیں ہے، ہمارا ہدف مطلوبہ تعداد میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔
شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ تکنیکی عملے کی دستیابی اور ان کی تربیت کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات لئے جا رہے ہیں ۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا جیسی وبا کیخلاف ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف ہمارا ہر اول دستہ ہے۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہر حال میں اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی ضروریات کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن اقدامات لئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے فنڈز کا استعمال ان منصوبوں پر کیا جائے جن سے چھوٹے درجے اور درمیانے درجے کی صنعتیں وابستہ ہیں۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کی روانی کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اسد عمر کی بریفنگ کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں ملک میں معاشی سرگرمیوں کو رواں رکھنے اور خصوصاً غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور تعمیراتی شعبے کی بحالی کے ثمرات نچلے طبقے خصوصا مزدوروں تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔