چین، 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سےکوئی ہلاک نہیں ہوا

کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پہلی بار چین میں 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے کوئی موت سامنے نہیں آئی۔چینی شہر ووہان میں کل پابندیاں اٹھائےجانے سے پہلے عوامی مقامات پر ڈس انفیکشن کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔چین میں کورونا وائرس کے اب تک 81ہزار 740کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 331 ہے۔کورونا وائرس کے چین میں 77ہزار 167 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں، 1ہزار 242 افراد اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 211 کی حالت تشویش ناک ہے۔ادھر جاپان میں وائرس کا پھیلاؤ تیز ہونے پر آج ایمرجنسی نافذ ہونے کا اعلان متوقع ہے، جس کے دوران تقریباً ایک ٹریلین ڈالر کے معاشی پیکیج کی تیاری کی جا رہی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاپان میں کورونا وائرس کے مزید 250 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 618 ہو چکی ہے۔ٹوکیو میں معمولی علامات والے مریضوں کو اسپتالوں سے ہوٹلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جاپان میں ایک ماہ کی ہنگامی صورتِ حال دیگر مغربی ملکوں سے مختلف ہوگی، ہنگامی صورتِ حال کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ اور سپر مارکیٹس کھلی رہیں گی۔ادھر فرانس اٹلی اور اسپین کی جگہ لینے لگا، جہاں ایک دن میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 833 ہلاکتوں کے بعد کل اموات کی تعداد 9 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔چیک ری بپلک اور ڈنمارک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس اب تک 75 ہزار 896 زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 13 لاکھ 58 ہزار 857 ہو گئی ہے۔اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے کورونا وائرس کی صورتِ حال پر جمعرات کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن